علی امین گنڈا پورتہذیب بھی بھول گئے، جلسے میں مریم نواز سے متعلق نازیبا گفتگو

وفاقی وزیر برائے امورکشمیر وگلگت بلتستان جہاں الیکشن کمیشن قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے سے گلگت بلتستان کے الیکشن میں انتخابی جلسے کر رہے ہیں وہیں آج انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معیار سے انتہائی گری ہوئی بات کر دی۔

علی امین گنڈا پور جن کی شہرت پہلے ہی کچھ زیادہ اچھی نہیں، مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کے بارے میں انتہائی غلط پیرائے میں ایسے الفاظ استعمال کیے ہیں جس کی کسی کو بھی توقع نہیں تھی۔

 گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پورنے انتہائی نامناسب انداز میں ذومعنی انداز میں مسکراتے ہوئے کہاکہ ’’مریم نوازخوبصورت تو ہیں، اس میں کوئی شک نہیں۔۔‘‘

وزیرامورکشمیر نے اسی پراکتفا نہ کیا بلکہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہاکہ مریم نوازخوبصورت تو ہیں اس میں کوئی شک نہیں لیکن مریم نواز کی یہ خوبصوتی نواز شریف کے گزشتہ حکومتی اداوار میں لوٹی ہوئی قومی دولت سے کرائی جانے والی سرجری کا کمال ہے۔انہوں نے مریم نواز کی شخصیت کا مذاق اڑاتے ہوئے گلگت بلتستان کے عوام سے کہاکہ اگر آپ بھی اس طرح کی سرجریز کروائیں تو آپ بھی ہالی ووڈ ہیروز ٹام کروز اور بریڈ پٹ کی طر ح لگیں گے۔

 علی امین گنڈا پورا کے اس بیان کو لے کر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، شہریوں نے کہا کہ معلوم نہیں، علی امین گنڈا پور کی اس وقت ذہنی کیفیت کیا تھی، ایسے لوگ ملک کی نمائندگی کے اہل نہیں ہوسکتے ، ایک شہری کا کہنا تھا کہ لگتا ہے علی امین گنڈا پور نے ’’گنڈا پوری شہد ‘‘ استعمال کیا ہوا تھا، ورنہ کوئی بھی ہوش و حواس رکھنے والے کبھی ایسی بات نہ کرتے۔

 بلا تخصیص سیاسی وابستگی عوام کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں عورت کو بھرپورعزت دی جاتی ہے، ایسے نازیبا جملے، جنسی حراسگی کے زمرے میں آتے ہیں، مغرب کی مثالیں دینے وزیر اعظم عمران خان فوراً اس کا نوٹس لیں اور علی امین گنڈا پور کے خلاف سخت ترین کارروائی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کیا جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم اور جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی کشمیری خواتین اور عوام کے نام پر قائم و زارت کا سربراہ علی امین گنڈاپور جیسا شخص نہیں ہوسکتا جسے عورت کے تقدس کا کوئی پاس نہ ہو۔علی امین گنڈا پور کو پاکستانی عورتوں کی عزت کا تھوڑا بہت بھی خیال ہوتو وہ فوراً مریم نواز سے معافی مانگیں اور عہدے سے مستعفیٰ ہو جائیں۔کسی بھی عورت کے بارے میں ایسے ، معیار سے گرے ہوئے کمنٹس قابل قبول نہیں۔

Comments are closed.