راولپنڈی:پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ۔
کپتان بابراعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز کی شراکت قائم کی ۔بابراعظم نے 55 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے جب کہ محمد حفیظ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔زمبابوے کی جانب سے مزاربانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 157 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ فخر 19 جبکہ حیدرعلی صرف 7 رنز ہی بنا سکے۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو برینڈن ٹیلر اور کپتان چمو چھبابا نے اننگز کا آغاز کیا ۔ زمبابوے کی جانب سے ویسلے مدھویر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 70 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ ایلٹن چکمبورا نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ زمبابوے نے مقرررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور وہاب ریاض نے 2،2 جبکہ محمد حسنین اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے لیجنڈی لیگ اسپینرعبدالقادر مرحوم کے بیٹے عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Comments are closed.