منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت میں توسیع

کراچی: بینکنگ کورٹ میں 35 ارب روپے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں سات جنوری تک توسیع کر دی گئی۔

بینکنگ کورٹ کراچی میں پینتیس ارب روپے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور چھٹی باربینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔ بعض حلقوں کی جانب سے سابق صدرکی ضمانت منسوخ ہونے کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے تاہم عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں سات جنوری تک توسیع کر دی۔۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پوزیشن ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کر ادی ہے عدالت عظمی کے فیصلے کا انتظار ہے۔  آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بھی آصف زرداری کی ضمانت منسوخی کی خبروں کو افواہ قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ 24 دسمبر کوسپریم کورٹ میں سماعت ہے۔جب تک سپریم کورٹ میں معاملہ ہے بینکنگ کورٹ حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی۔ سماعت سے قبل جیالے رہنما ، چند اراکین اسمبلی اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی عدالت پہنچی۔ پی پی کے سینیئر رہنا خورشید شاہ، رحمان ملک، وزیربلدیات سندھ سعید غنی،قائم علی شاہ، امتیاز شیخ، وقار مہدی، نثار کھوڑو، لطیف کھوسہ اور دیگر عدالت پہنچے۔

کارکنان عدالت میں سیلیفیاں لیتے رہے جبکہ عدالتی اسٹاف جیالوں کو منع کرتا رہا۔ کیس کے دیگر ملزمان حسین لوائی، طحہ رضا،انور مجید،اے جی مجید کو تاحال پیش نہیں کیا گیا۔

Comments are closed.