کورونا کی بگڑتی صورتحال، این سی او سی کی عوامی اجتماعات پرپابندی کی سفارش

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں ایک بار پھر عوامی اجتماعات پر پابندی، مزارعات و درگاہیں، سینیما اور تھیٹرزفوری طور پر بند کرنے کی سفارش کی ہے، تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی جلدی اور زیادہ چھٹیوں کے معاملے پر خصوصی اجلاس 16 نومبر کو طلب کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کورونا وباء کی دوسری لہر، وباء کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک کے سولہ مختلف شہروں میں سمارٹ مائیکرو لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے باوجود کورونا کا پھیلاؤ جاری ہے، جس کی وجہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ ہونا ہے، این سی او سی نے ملک بھر بالخصوص کورونا سے متاثرہ علاقوں میں سخت اقدامات کی سفارش کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کی شرح بڑھ رہی ہے، جس پر این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی سربراہی میں صوبائی وزرائے تعلیم کا خصوصی اجلاس 16 نومبر کو بلایا جائے اور تعلیمی اداروں میں کورونا پھیلاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال میں طلباو طالبات کی صحت کی حفاظت کے لئے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں اضافہ وقت سے پہلے اور معمول سے زیادہ موسم سرما کی تعطیلات دے دینی چاہئیں۔

این سی او سی نے ایک بار پھر عوامی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی اور کہا کہ پانچ سو سے زائد افراد کے سیاسی، ثقافتی، مذہبی، تفریحی اور سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کی جائے،اس کے ساتھ ساتھ مزارعات و درگاہیں، سینیما اور تھیٹرزفوری طور پر بند کرنے کی بھی سفارش کی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس کے اندرکھانے پینے پر پابندی لگائی جائے تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ اور ٹیک اوے کی رات 10 بجے تک اجازت ہونی چاہئے، جب کہ بازاروں، مارکیٹوں کو جلدی بند کرانے کے فیصلے پر بھی عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیراسد عمر کا کہناہے  کہ اکتوبر کے وسط سے اب تک کورونا کیسز کی شرح میں تین گناہ اضافہ ہوا ہے، قومی سیاسی قیادت کو کورونا کی روک تھام کیلئے پوری قوم کو ایک پیغام بھیجنے کی ضرورت ہے، قومی رابطہ کمیٹی نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی سفارش پر حتمی فیصلہ کرے گی

Comments are closed.