دنیا بھر میں کوروناوائرس سے 5 کروڑ افراد متاثر اور 13 لاکھ سے زائد ہلاکتیں

کورونا وائرس کی دوسری لہر نے ایک بار پھر دنیا کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں، دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 5 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 13 لاکھ 18 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔اس وقت امریکا سمیت یورپ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آسٹریا میں  جزوی لاک ڈاؤن اور رات کے وقت کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیاگیا ہے جب کہ اٹلی میں وائرس سے شدید متاثرہ علاقوں کو مختلف زونز میں تقسیم کرکے پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔فرانس میں رات کے کرفیو سمیت متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سپین میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے رات کے کرفیو سمیت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں وباء کے پھیلاو کو قابو کرنے کے لئے علاقوں میں نقل وحرکت محدود کردی گئی ہے۔

جرمنی،سپین سمیت متعدد ممالک میں پابندیوں کے خلاف مظاہرے بھی ہورہے ہیں جن میں حکومت کو ماسک سمیت دیگر پابندیوں کو ہٹائے جانے کے مطالبات کئے جارہے ہیں۔دوسری جانب کورونا ویکسین کی تیاری کے اعلان کے بعد دنیا بھر نے اپنی نظریں ویکسین کے حصول پر مرکوز کرلی ہیں۔

Comments are closed.