وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ دورہ کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل اورباہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ میں افغان صدر نے کہا کہ وہ افغانستان آنے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔ پاکستان اور افغانستان میں تعاون ترقی کے لئے ناگزیر ہے، علاقائی روابط کا فروغ اور معاشی سرگرمیاں ہمارے مفاد میں ہیں، ہم افغانستان میں تشدد کے خاتمے کیلئے جنگ بندی کے خواہاں ہیں۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ رسولﷺ کی ناموس تمام مسلمانوں کی عزت سے جڑی ہے، آزادی اظہار رائے کے حوالے سے منفی اور مثبت رویوں میں تفریق ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ وہ دورے کی دعوت پر افغان صدر کے مشکور ہیں، پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کی مزید بہتری کا خواہاں ہوں ، کابل اور اسلام آباد کے درمیان مسلسل رابطے رہنے چاہییں، پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ طاقت سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوتا، پاکستان کی حکومت اور افغانستان کے عوام امن چاہتے ہیں، بدقسمتی سے افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
اپنے پہلے دورہ کابل میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹینٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اورافغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سمیت دیگر اہم شخصیات ہیں۔
اس سے قبل کابل ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا افغان وزیرخارجہ محمد حنیف اتمر نے کیا۔ افغان صدارتی محل پہنچنے پر افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
Comments are closed.