مظفرآباد: جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام بھارتی جبر و استبداد کے سامنے چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی گولہ باری میں شہید ہونے والے آزاد کشمیر کے شہریوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الطاف احمد بٹ نے بھارتی گولہ باری کے متاثرین کے ساتھ مظفر آباد اور نیلم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو توڑنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔الطاف احمد بٹ نے کہاکہ بزدل بھارتی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن پر رہنے والوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طورپر زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں عنقریب رنگ لائیں گی۔
جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیاکہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری جبر وا ستبداد اور کنٹرول لائن پر بلااشتعال گولہ باری کا نوٹس لیں۔
Comments are closed.