وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت پاکستان آئندہ سال کی پہلی سہہ ماہی میں کورونا وباء سے بچاؤ کی ویکسین خرید لے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انسداد کورونا ویکسین کی خریداری ایک جاری عمل ہے اور حکومت پرامید ہے کہ پہلے مرحلے میں وباء سے بچاؤ کیلئے ویکسین 2021ء کی پہلی سہہ ماہی تک خریدنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی سفارش پر ویکسین خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی سفارش منظور کر لی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک (رضاکارانہ ریٹائرمنٹ) دینے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کی بھی منظوری دی گئی۔ ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے وفاقی وزیرامین الحق نے کہا کہ ایچ بی ایف سی ایک منافع بخش ادارہ ہے جو حکومت کے منشور کے مطابق لوگوں کو سہولت فراہم کررہا ہے۔
وفاقی کابینہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق توہین رسالت کے معاملے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا معاملہ زیر غور آیا لیکن اس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے معاملے پر کابینہ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں سی این جی اسٹیشن کو گیس فراہمی بند کی جائے گی۔
کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ گیس فراہمی میں ایکسپورٹ سیکٹر اور گھریلو صارفین ترجیح ہونے چاہئیں۔ کابینہ نے وزارت دفاع کو پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج اور یلدیز ٹیکنیکل یونیورسٹی ترکی کے مابین تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کرنے کی اجازت دی۔ کابینہ نے پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر محمد نعیم اخترکی تعیناتی کی منظوری دی۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت نیشنل کالج آف آرٹس کے حوالے کرنے کی سمری پر 6 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔
وفاقی کابینہ نے بریگیڈئیر (ر) محمد طاہر احمد خان کو بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکونسی ایلوکیشن بورڈ تعینات کرنے اور فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020ء کے تحت بورڈ آف گورنرز پر ماہرین تعینات کرنے کی منظوری بھی دی۔
Comments are closed.