ملاعبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کے سیاسی کمیشن کا نمائندہ وفد تین روزہ دورہ پاکستان پر قطر سے اسلام آباد پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان کا وفد قطرایئرویز کی پرواز کے ذریعے دوحا سے اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچا، جہاں پر وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ان کو خوش آمدید کہا، اس موقع پر نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طالبان سیاسی کمیشن کا نمائندہ وفد 16 سے 18 دسمبر 2020 تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے اپنے تین روزہ دورے کے دوران طالبان وفد وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی و دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔
پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل، افغانستان میں امن و امان، باہمی دلچسپی، افغان مہاجرین کے مسائل پر بات چیت کی جائے گی، علاقائی امن و استحکام سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہو گا، اس سے قبل طالبان وفد نے رواں برس اگست میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان وفد کا دورہ اسلام آباد افغان امن عمل کیلئے تمام فریقین سے رابطے اوربین الافغان مذاکرات کیلئے سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان پالیسی کا حصہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جامع سیاسی بات چیت کے ذریعے افغانستان میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
Comments are closed.