ضمنی انتخابات کا اعلان ہوا تو چوڑیاں پہن کرگھر میں نہیں بیٹھیں گے،مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 500 نشستوں پر ضمنی الیکشن نہیں کرائے جاسکتے ، ضمنی انتخابات کرانا خالہ جی کا گھر نہیں ،اگر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا تو ہم چوڑیاں پہن کر گھر میں نہیں بیٹھیں گے۔

 مریم نواز نے کہاکہ وزیر اعظم کو اپنے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر اعتماد نہیں رہا، جلسے کے وقت عمران خان کتوں کو نہیں اپنے خوف کو بہلا رہے تھے۔ جلسے والے دن جو تصاویر جاری کیں ان کے پیچھے ان کا کا خوف جھلک رہا تھا۔چیئرمین نیب کا نام عمران خان ہے، قومی اداروں سے کھیلنا خطرناک ہے، جس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، مسلم لیگ ن متحد ہے اور رہے گی، حکومت نے (ن) لیگ کو توڑنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ آئین کے تحت نئے سینیٹرز کو 11 مارچ کے بعد حلف اٹھانا ہے،سینیٹ الیکشن سے متعلق پی ڈی ایم فیصلے کرے گی، سینیٹ کا الیکشن پہلے یا بعد میں کرالیں، حکومت کو نہیں بچاسکتے، ان کو سمجھ آگئی ہے کہ حکومت کے دن تھوڑے ہیں، جو بھی ہتھکنڈے اپنالیں آپ کو گھر تو جانا پڑے گا۔

مریم نواز نے کہاکہ عمران خان ذاتی مفادات کے لیے آئین کا حلیہ نہیں بگاڑ سکتے نہ ہم اس کی اجازت دیں گے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے اسے آئین کے مطابق چلنا چاہیے، چیئرمین الیکشن کمیشن کسی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کو نہ مانیں۔ قوم الیکشن کمیشن آف پاکستان پر نظر لگا کر بیٹھی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم شو آف ہینڈز کے خلاف نہیں، چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو ہم نے چیلنج کیا تھا، تب انہیں شو آف ہینڈ یاد نہیں آیا؟ جب انہیں اپنی حکومت جاتی نظر آرہی تو شو آف ہینڈ یاد آگیا؟ سپریم کورٹ کو کیوں متنازع بنایا جارہا ہے؟ سپریم کورٹ آئین یں ترمیم نہیں کرسکتی وہ صرف قانون کی تشریح کرسکتی ہے۔

Comments are closed.