بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ کا145 واں یوم پیدائش، ملک بھرمیں ملی جوش وجذبہ

اسلام آباد/ کراچی: بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 145 واں یوم پیدائش آٰج ملی جوش و جذبے سے منایاجارہا ہے۔

وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ نمازفجر میں ملکی سلامتی، خوشحالی اور بابائے قوم کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ دن کی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی،پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نےگارڈز کے فرائض سنبھال لئے، بابائے قوم کو سلامی پیش کی گئی۔

مزارقائد پرگارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجرجنرل عمراحمد بخاری تھے، تقریب میں اعلیٰ فوجی وسول حکام کیساتھ لوگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی، آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کے چاق چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل عمر احمد بخاری نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی، بانی پاکستان کے مزار کو اعزازی سلام بھی پیش کیا گیا، مہمان خصوصی میجرجنرل عمراحمدبخاری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبندکئے۔

قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے145 ویں یوم ولادت کے موقع پر صوبائی دارالحکومتوں، بڑے شہروں سمیت ملک بھر پُروقار تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز، مذاکروں اور مباحثوں کا انعقاد شیڈول ہے جس میں بانی پاکستان کی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے افکار کو اجاگر کیا جائے گا۔

بابائے قوم 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ آپ 1913 میں مسلم لیگ میں شامل ہوگئے اور دو قومی نظریہ کے تحت انگریزوں سے آزادی اور ہندووں سے علیحدہ وطن کی جدو جہد شروع کر دی۔ ان کی جدوجہد رنگ لے آئی ، 14اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آ گیا اور وہ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے۔

Comments are closed.