بھارتی فوج کی بربریت۔۔۔ ابھرتے نوجوان کشمیری فٹبالرعامر سراج شہید

دنیا میں موجود تمام فٹ بالر اور کھلاڑی عامرسراج کے ناحق قتل کیخلاف آواز اٹھائیں، مشعال ملک

سری نگر/ اسلام آباد: بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی بربریت اور نامور کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیے جانےکا سلسلہ جاری ہے، درندہ صفت قابض فوج نے کشمیر کے ابھرتے ہوئے نوجوان فٹ بالر عامر سراج کو شہید کردیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے انسانیت سوز مظالم ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہے ہیں، قابض بھارتی فوج کو نہتے اور معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے، درندہ صفت بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ وادی کے ضلع بارہمولہ میں سوپورکے رہائشی نوجوان فٹ بالر کو شہید کر دیا۔

قابض فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوان فٹ بالر عامر سراج کو گولیاں مار کر شہید کیا، عامر سراج جنون کی حد تک فٹبال کے شوقین اور بہترین کھلاڑی تھے، وہ کھیل کے ذریعے عالمی سطح پر کشمیر کی آواز بلند اور کشمیریوں کی نمائندگی کرنا چاہتے تھے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیری نوجوان کھلاڑی کے اس طرح بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور شہید کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری قوم کے ہیرے چھین رہی ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ مودی سرکار اور بھارتی فوج کو عامر سراج کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کا خوف تھا، قابض بھارتی فورسز کشمیریوں کی آواز بلند کرنے والوں کو چن چن کر شہید کر رہی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا میں موجود تمام فٹ بالر اور کھلاڑی عامرسراج کے ناحق قتل کیخلاف آواز اٹھائیں۔

Comments are closed.