وزیراعظم تعمیراتی پیکج میں 1سال کی توسیع،6 ماہ تک ذرائع آمدن کی پوچھ گچھ نہیں ہوگی

وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی پیکج میں ایک سال کی توسیع کردی، آئندہ سال کے 6 ماہ تک پراپرٹی کے لین دین میں استعمال سرمایہ کے ذرائع کی پوچھ گچھ نہیں ہوگی۔

قوم سے اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پورٹل پر 186 ارب روپے کے منصوبے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جب کہ پنجاب میں163 ارب روپے کے تعمیراتی منصوبوں کا آغاز کیا جا چکا ہے، انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کے فروغ سے پنجاب میں1 ہزار 500 ارب روپے کی اقتصادی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے منصوبوں سے روزگارکے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے، تنخواہ دار طبقے کے لیے کم لاگت تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے بھی پیکج دیاہے، کم لاگت گھروں کی تعمیرکے لیے بینک ہر ممکن تعاون کریں گے،بینکوں نے378ارب روپے تعمیراتی شعبے کے لیے مختص کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کم لاگت مکانات کے لیے5سے7فیصدکی شرح پرقرضے دیئے جائیں گے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر پر3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، بڑے شہروں کے ماسٹرپلان بنائے جارہے ہیں، ماسٹرپلان سے سیوریج اورپانی کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں جیسے مسائل حل ہونگے۔

کراچی،لاہور اور اسلام آباد کی ڈیجٹیلائزیشن اگست تک مکمل کرلی جائے گی، تینوں بڑے شہروں میں سرکاری زمینیوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا،تعمیراتی شعبے کے لیے فکس ٹیکس رجیم میں 31دسمبر2021 تک توسیع کردی،1960کی دہائی کے بعد پہلی حکومت جس نے انڈسٹری کو اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

Comments are closed.