پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ کیس پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے، مریم نواز

 مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کی  چار بار درخواستیں دیں، فارن فنڈنگ کیس کی صرف 70 سماعتیں ہوئیں جب کہ عمران خان نے کیس ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے ۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم آج الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داری یاد کرانے آئے ہیں ،حکمران دیکھ لیں کہ جب عوام لانگ مارچ کرکے یہاں پہنچیں گے تو کیاحال ہوگا۔

طاقتور اداروں نے انتخابات پر قبضہ کیا،مولانا فضل الرحمان

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت منتخب نہیں ہے طاقتور اداروں نے انتخابات پر قبضہ کیا اور ڈفلی والے کو ملک پر مسلط کردیا۔ پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گا اور حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔

 مولانا  فضل الرحمان نے  الزام عائد کیاکہ  عمران خان یہودی ایجنٹ ہیں،  انہوں نے اسرائیل اور ہندستان کے فنڈز سے الیکشن لڑا ، ہندوستان اور اسرائیل پاکستان کے دشمن ہیں اور ان کے ایجنٹس کو وزیراعظم بنایا گیا ہے،دنیا نے دیکھا کہ مسجد کے ائمہ کو 10 ہزار دینے کی کوشش کی گئی تاہم علماء نے انکار کیا۔

 الیکشن کمیشن کے باہر  احتجا ج میں  اپوزیشن  رہنماوں اور کارکنوں  کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کارکنان راولپنڈی سمیت ،پنجاب اور خیبر پختونخوا سے اسلام آباد پہنچے  جب کہ پی ڈی ایم کی قیادت مولانا فضل الرحمان کے گھر سے خصوصی کنٹینر پرسوار ہوکر الیکشن کمیشن پہنچی۔حکومت نے پی ڈی ایم کو ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت دے دی تھی ۔ احتجاج کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے  سے بچنے  کے لیے سیکیورٹی انتہائی ہائی الرٹ رہی۔

Comments are closed.