اسلام آباد میں انصاف یوتھ ونگ آزاد کشمیر کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارتنویرالیاس نے کہاکہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں دھڑے بندیوں سے بہت نقصان ہوا۔مرکز میں پی ٹی آئی کی حکومت بنتے ہی آزاد کشمیر میں بھی پارٹی کو منظم کیا جانا چاہیے تھا کہ لیکن ایسا نہ ہوا۔ دھڑے بندیاں سیاسی جماعتوں کو تباہ کر دیتی ہیں،آزاد کشمیرمیں گروپ بندیاں کرنے والوں کو اللہ پاک ہدایت دے۔آئندہ ڈویژنل سطح پرملاقاتوں کاسلسلہ شروع کرکے پارٹی کومنظم کریں گے۔
اپنے خطاب میں سردار تنویر الیاس نے کہاکہ ہم چاہتے پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں تنہا حکومت بنائے اور ہمیں بیساکھیوں کی ضرورت نہ پڑے۔ الیکشن جیتنے کے بعد فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے کہ آزادکشمیر میں آئندہ وزیراعظم کون ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ انصاف یوتھ ونگ نے آزاد کشمیر میں پارٹی کو منظم کرنے میں نے اہم کردارادا کیا،ہماری جدوجہد ہے کہ نوجوانوں کو سامنے لایا جائے،تقریب میں نوجوانوں نے وزیراعظم ،تنویر الیاس کے نعرے بھی لگائے ۔
سردار تنویر الیاس نے کہاکہ اب آزاد کشمیر میں پیسے لیکر ٹکٹ جاری نہیں ہوں گے، پیسے لیکر ٹکٹ جاری کرنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے، فیصلے نوجوانوں کی مشاورت سے ہوں گے۔ اپنے خطاب میں تنویر الیاس کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم والے جتنا مرضی چیختے چلاتے رہیں، ہم اپنی سمت تبدیل نہیں کریں گے،پاکستان میں تحریک انصاف کی حکو مت نے ملک میں بہتری کی بنیاد رکھ دی ہے۔
سردار تنویر الیاس کہنا تھاکہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم کی انتہا کردی ہے، ہم اپنے کشمیربھائیوں کیلئے تب ہی کچھ کرسکیں جب خود مضبوط ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام اپنی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلائے ۔

سینٹورس مال اسلام آباد میں ہونے والی اس تقریب میں اسٹیج کے پیچھے ایک بڑا بینربھی آویزاں کیا تھا لیکن اس میں تحریک انصاف آزادکشمیرکے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تصویر غائب تھی جبکہ سردارتنویرالیاس کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان ، تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اوروفاقی وزیرامورکشمیرعلی امین گنڈاپور کی تصویریں نمایاں تھیں۔
تقریب میں پی ٹی آئی آزادکشمیر کے مرکزی عہدیداران، پونچھ سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مرتضی ٰ علی احمد اور مظفر آباد ڈویژن سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل نے بھی شرکت کی۔
Comments are closed.