وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کے لئے پارلیمنٹ کے ایوان میں (ان ہاؤس) تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد میں ممکنہ دراڑ پڑنے کے خدشہ ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پی ڈی ایم اتحاد کو بچانے کے لئے سرگرم ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنما نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا پیغام آصف علی زرداری کو پہنچایا ہے، لیگی قائد کا کہنا ہے کہ ان ہاوس تبدیلی کے بیان سے اپوزیشن کے اتحاد میں دراڑ پڑنے کا اندیشہ ہے، پی ڈی ایم کا اتحاد ہر صورت برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے بیان پر نظر ثانی کی جائے۔نواز شریف کا موقف ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی یا تحریک عدم اعتماد پیش کرنا 2018 کے الیکشن کو تحفظ (کوراپ) دینے کے مترادف ہوگا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اکثر قائدین اِن ہاوس تبدیلی کے حق میں نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں مل جل کر باہمی مشاورت سے حکومت کے خلاف آگے بڑھنا ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کی تجویز پر ہی ضمنی انتخابات اور سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، نواز شریف نے بختاور بھٹو کی شادی پر سابق صدر کو مبارکباد کا بھی پیغام دیا۔
Comments are closed.