شائقین کرکٹ کے لئے اچھی خبر ہے، تماشائیوں کو پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے میچز اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھنے کی اجازت مل گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال، وباء کی روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات اور پاکستان سپر لیگ سیزن سِکس کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھنے کی اجازت دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق این سی او سی نے پی ایس ایل کے میچز کے دوران شائقین کی اسٹیڈیم میں موجودگی سے متعلق حتمی فیصلہ کرتے ہوئے 20 فیصد شائقین کو گرائونڈ میں جانے کی اجازت دے دی۔اجلاس کے بعد پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پی ایس ایل کے میچز 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، کراچی میں کُل 7500 جبکہ لاہور میں کُل 5500 تماشائی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے، این سی او سی اور پی سی بی مشترکہ طور پرصورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں ہوگا، حکومت کے اینٹی کوویڈ پروٹوکولز کی ہدایات پر مکمل عمل کروائیں گے، پی سی بی اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلدکردیا جائے گا۔
Comments are closed.