پنجاب حکومت نے بلدیاتی ادارے تحلیل کرکے جمہوریت کا قتل کیا، جسٹس قاضی فائزعیسی ٰ

الیکشن کمیشن نے پنجاب ،خیبر پختون خواہ اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کاشیڈول سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ،بلوچستان اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا فیصلہ 11فروری کو کیا جائے گا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی ادارے تحلیل کرکے جمہوریت کا قتل کردیا،ایسے تو اپنی مرضی کی حکومت آنے تک آپ حکومتوں کو ختم کرتے رہیں گے۔

الیکشن کمیشن رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خواہ اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات دو جبکہ پنجاب میں تین مرحلوں میں کرائے جائیں گے ۔ خیبر پختونخواہ اور کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں12فروری کو شیڈول جاری ہوگا اور 8 اپریل کو پولنگ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں 25مارچ کو شیڈول جاری ہوگا اور 29مئی کو پولنگ ہوگی ۔

پنجاب کے پہلے مرحلے میں شیڈول 12اپریل کو جاری ہوگا اور پولنگ 20جون کو ہوگی ،دوسرے مرحلے میں شیڈول 18مئی کو جاری کرکے پولنگ 16جولائی کو ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے میں 2 جون کو شیڈول جاری ہوگا اور 8 اگست کو پولنگ ہوگی۔رپورٹ میں سندھ اور بلوچستان نے حد بندیوں کے لیے مردم شماری کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کا عذر پیش کیا ۔سماعت کے موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی ادارے تحلیل کرکے جمہوریت کا قتل کردیا،بلدیاتی حکومت کو ختم کر کے پنجاب حکومت نے واضح آئین کی خلاف ورزی کی، ایسے تو اپنی مرضی کی حکومت آنے تک اپ حکومتوں کو ختم کرتے رہیں گے۔ عدالت نے سماعت يكم مارچ تک ملتوی کر دی۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب کی حلقہ بندیوں پر کام دوبارہ شروع کر دیا،پنجاب میں ویلج پنچائیت اور نیبرہڈ کونسل کی حلقہ بندیاں ہونگی۔ ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست 8 فروری کو جاری ہو گی،فہرست پر اعتراضات 23 فروری سے جمع ہو سکیں گے اور 10 مارچ سے نمٹائے جا سکیں گے جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 18 مار چ کو جاری ہوگی۔۔

Comments are closed.