راولپنڈی ٹیسٹ : پاکستانی اوپنرز اور اظہر علی پھردھوکہ دے گئے

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن قومی ٹیم نے 3 وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنالے ہیں۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم قومی ٹیم کا اوپننگ کا مسئلہ اس ٹیسٹ میں بھی حل نہ ہوسکا، عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ عابد علی بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔

ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور 22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ اس دوران کپتان بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

چائے کے وقفے کے بعد بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور پہلے دن کا کھیل مقررہ اوورز سے قبل ہی ختم کردیا گیا۔ پہلے دن کے اختتام پر بابراعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

Comments are closed.