جب تک ٹیم کو ضرورت ہے کھیلتی رہوں گی، ثنا میر

لاہور:قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنامیر نے کہا ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہیں اور جب تک قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے وہ کھیلتی رہیں گی۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور دیگر ملک پاکستان سے بہت آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر مزید کامیابیوں کے لئے پاکستان میں بھی سہولیات کو بہتر بنانا ہوگا، پاکستان میں ویمنز کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ کمزور  ہونے کی وجہ سے مجھے اس مقام تک پہنچتے ہوئے 13 سال لگ گئے۔

ثنا میر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ایک مشکل سوال ہے، اس بارے میں سوچتی میں بھی ہوں تاہم جب تک ٹیم کو ضرورت ہے اور میں پرفارم کرسکتی ہوں کھیلتی رہوں گی۔

واضح رہے کہ ثنا میر گزشتہ سال شاندار کارکردگی کی بنیاد پر عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر بنی، کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کو پہلی بار یہ اعزاز حاصل ہوا ہے، حال ہی میں انہیں آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دا ایئر میں بھی شامل کیا گیا، یہ بھی پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی ویمن کرکٹر نے آئی سی سی ڈریم ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

Comments are closed.