اسلام آباد: برقی بسوں کے لیے ڈائیو ایکسپریس پاکستان، اسکائی ویل آٹو موبیل چائینہ اور ہٹاچی اے بی بی پاور گرڈ کے درمیان معاہدے طے پاگیا ہے۔ اس سلسلے میں معاہدے کی تقریب میں سوئیڈن کے سفیر ہنرک پیرسون، گورنر پنجاب چوہدری سرور سمیت جنوبی کوریا، سوئٹرزلینڈ اور جاپان کے سفیر بھی موجود تھے۔ معاہدہ پاکستان، چین ، سوئیڈن اور سوئٹزر لینڈ کے کمپنیوں کے درمیان آن لائن کیا گیا۔
ڈائیو ایکسپریس پاکستان کے چیئرمین شہریاد چشتی اور نائب صدر سمیر چشتی اور کنٹری ڈائریکٹر ہٹاچی گرڈ نجیب احمد، وارم واٹرز ایڈوائزری کے لیفٹنٹ جنرل آصف یاسین، عمر سلطان اور عدیل ملک اور اسکائی ویل گروپ کے نمایندے نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت ملک کی سب سے معروف ٹرانسپورٹ اور کارگو کمپنی ڈائیو ایکسپریس برقی بسیں چلائے گا۔ ڈائیوایکسپریس کے پاس اس وقت 378 بسیں اور 60 ٹرمینل ہیں۔ ان تمام ٹرمینلز میں برقی بسوں کی چارجنگ کے لیے انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔ برقی بسوں کے ذریعے اندرون ملک پنجاب سے سندھ اور خیبر پختون خوا کے درمیان سفری اور کارگو سہولیات میسر آسکیں گی۔

معاہدے کے تحت اسکائی ویل آٹو موبیل پہلے مرحلے میں پاکستان کی مارکیٹ اسٹڈی کے تحت مقامی طور پر برقی بسوں کی تیاری کے لیے حکمت عملی بنائے گا۔ دوسرے مرحلے میں برقی بسوں کی چارجنگ کے لیے انفراسٹرکچر کو مد نظر رکھتے ہوئے مقامی طور پر برقی بسوں کی تیاری کا پلانٹ پاکستان میں لگایا جائے گا۔ برقی بسوں کی چارجنگ کے لیے موٹروے اور جی ٹی روڈ پر چارجنگ بوتھ بھی بنیں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ بجلی پر ٹرانسپورٹ چلانا مستقبل کی ضرورت ہے اور پاکستان کی ٹرانسپورٹ کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی اور تیاری کے سلسلے میں وزارت اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب اس سلسلے میں سب سے آگے رہے گا اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں سب سے پہلے الیکٹرک گاڑیاں اور بسیں چلائی جائیں گی۔
چیئرمین ڈائیو ایکسپریس شہریار چشتی نے کہا کہ معاشی ترقی میں مواصلات کا شعبہ اہم ہے اور اس شعبے کی ترقی میں ڈائیو ایکسپریس اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ نائب چیئرمین سمیر چشتی نے کہا کہ برقی بسوں کی ٹیکنالوجی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اہم سنگ میل ہوگا، اس سلسلے میں چین کی صف اول کی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے۔کنٹری ڈائریکٹر ہٹاچی پاور گرڈ نجیب احمد نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں الیکٹرک بسوں کے سلسلے میں مکمل سہولیات فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں الیکٹرک بسوں کے ذریعے اسمارٹ، ماحول دوست اور محفوظ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجی کے حصول میں مدد ملے گی۔

چیئرمین وارم واٹرز ایڈوائزری لیفٹنٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم یاسین نے کہا کہ پاکستان کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جانا ضروری ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک دوسرے کی تقلید کرتے ہوئے اس کے فروغ کی ضرورت ہے۔وارم واٹرز ایڈوائزری کے سینیئر پارٹنر عدیل ملک نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی ٹیکنالوجی پہلی مرتبہ اپنائی جا رہی ہے اور یہ پاکستان بڑا منفرد اور دور جدید کا تجربہ ہوگا۔
Comments are closed.