یوسف گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد، حکومتی درخواست نامکمل قرار

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد  کرتے ہوئے ان کی نااہلی کیلئے دائر پی ٹی آئی کی درخواست نامکمل قرار دے۔

رکن الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے دائر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست پر سماعت کی، تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا کہ نمبر گیم میں تحریک انصاف کے امیدوار حفیظ شیخ کو اکثریت حاصل تھی، سینیٹ انتخاب میں پیسے اور پارٹی ٹکٹس کے عوض دھاندلی کی گئی، الیکشن سے ایک اور روز پہلے دھاندلی کا ثبوت ملا۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ دو مارچ کو یوسف گیلانی کے بیٹا علی حیدر گیلانی ویڈیو میں لالچ، رشوت کے بدلے ووٹ نہ دینے اور ووٹ خراب کرنے کا کہہ رہے تھے، الیکشن کمیشن کے پاس سیکشن 9 کے تحت اختیارات ہیں، اس پر رکن الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ جن لوگوں کو یہ رقم دینے کی پیشکش کی گئی انہیں فریق نہیں بنانا چاہیے تھا؟  جس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ افراد فریق نہیں وہ گواہ ہوسکتے ہیں، جن لوگوں کو رقم دینے کی پیشکش ہوئی ان کے بیان حلفی ہوتے۔

رکن الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ آج اسی طرح کے کیس میں فیصلہ دے چکے ہیں، تائیدی شہادت لازمی ہونی چاہیے، رشوت دینے اور دینے والا دونوں مرتکب ہیں۔ دوران سماعت علی حیدر گیلانی کی ویڈیو چلائی گئی تو بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ویڈیو سامنے آنے پر نوٹس بھی لیا جس پر رکن الیکشن کمیشن پنجاب نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایسا کوئی نوٹس نہیں لیا تھا، ڈی جی لاء سے پوچھا تو انہوں نے کہا نوٹس نہیں لیا، ، میڈیا پر کہا گیا کہ دوہرا معیار ہے، اس ویڈیو میں پیسے اور ٹکٹ کا کوئی ذکر نہیں، ایسی باتوں سے گریز کرنا چاہیے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ علی حیدر گیلانی، کیپٹن (ر) جمیل اور فہیم خان ایم این ایز کو طریقہ بتا رہے ہیں،اس ویڈیو کو علی حیدر گیلانی نے خود تسلیم کیا کہ یہ درست ہے، جس پر رکن الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا کہ ان ویڈیوز میں کون ہیں ان کے نام بتائیں اور انہیں فریق بنائیں، کوئی شہادت دیں پھر ہی کاروائی ہوسکتی ہے، الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد نااہل بھی کرسکتا ہے، الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ جذبات سے نہیں قانون پر بات کریں، ہر بندہ اپنے کام کا ذمہ دار ہے، ویڈیو میں جس کا نوٹیفکیشن رکوانا ہے اس (یوسف رضا گیلانی) کا ذکر نہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ کرپشن کو پکڑنے کےلئے ایسی چیزیں ضروری ہیں، الیکشن کمیشن نے یہی اختیارات این اے 75 ڈسکہ میں استعمال کیں، الیکشن کمیشن کرپٹ پریکٹسز روکنے کیلئے بے پناہ اختیارات استعمال کرسکتا ہے، مریم نواز نے ٹکٹس دینے کی پیشکش کرنے کا پریس کانفرنس میں اعتراف کیا، مریم نواز کی پریس کانفرنس کا کلپ چلایا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ درخواست گزار فراخدلی کا مظاہرہ کریں اور ویڈیو میں موجود لوگوں کو سامنے لائیں اور مقدمے میں فریق بنائیں۔ ہم چاہتے ہیں انصاف نظر آئے، جو کچھ ہورہا ہے اس پر بدنامی ہورہی ہے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو درخواست ترمیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 10 مارچ تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.