پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم کو بڑا سرپرائز۔۔ یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بن گئے

سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرا کر پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو بڑا سرپرائز دے دیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو بڑا سرپرائز دیا ہے، سینیٹر یوسف رضا گیلانی ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف مقرر ہو گئے ہیں ۔

سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر بننے کیلئے 30 حمایتی سینیٹرز کے دستخطوں کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے پاس جمع کرائی ہے، شیری رحمان، روبینہ خالد و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے، سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے 21 اراکین کے ساتھ ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کے 2، جماعت اسلامی کے ایک سینیٹر کی بھی یوسف رضا گیلانی کو حمایت حاصل ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ فاٹا کے دو اور سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان 4 آزاد سینیٹرز نے بھی اپوزیشن لیڈر کے لئے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوسف گیلانی کی اپوزیشن لیڈر بننے کی درخواست وصول کرنے کے بعد سینیٹرز کے دستخطوں کی تصدیق کی جس کے بعد یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

Comments are closed.