خوشی ہے واضح لکیر کھینچ گئی، ایک زرداری سب پربھاری شرمندگی والی بات ہے،مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کے اپوزیشن لیڈر بننے پر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ  خوشی ہے کہ اب واضح لکیر کھینچ اور صف بندی ہوگئی ہے، ایک زرداری سب پر بھاری ۔۔۔ شرمندگی والی بات ہے، نواز شریف اور مریم نواز بھی اپنے اصول قربان کر دیں تو پورے پاکستان پر بھاری ہو سکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا چھوٹا سا عہدہ ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ن لیگ کو مل جاتا تو ہم نے کون سا حکومت بنالینی تھی، آپ (پیپلز پارٹی) کو یہ چھوٹاساعہدہ چاہیے تھا تو نوازشریف سے مانگ لیتے، نہایت افسوس ہے کہ آپ نے ایک چھوٹے سے عہدے کیلئے جمہوری جدوجہد کو بڑا نقصان پہنچایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ صادق سنجرانی نے اعظم تارڑ کو فون کرکے کہا کہ’’سائیں آپ کو ووٹ چاہئے ہوئے تو بلوچستان عوامی پارٹی کے 3،4 ووٹ ہیں جو آپ کو دےدیں گے۔‘‘ باپ سنجرانی صاحب کےکہنے پر تو ووٹ نہیں کرے گا۔ پیپلز پارٹی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ نے چھوٹے سے عہدے کیلئے باپ (بلوچستان عوامی پارٹی) سے ووٹ لے لئے؟ باپ (بی اے پی) نے ’’باپ‘‘ کے کہنے پر آپ کو ووٹ دیئے۔

مریم نواز نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اپوزیشن لیڈر حکومتی اتحادی اراکین کے ووٹ سے بن رہاہے، اگر آپ (پیپلز پارٹی) نے سیلکٹ ہوناہے تو آپ کو عمران خان کی پیروی کرنی چاہیے، آدھا تیتر آدھا بٹیر، کبھی اپوزیشن کبھی حکومت یہ نہیں ہوسکتا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان اوردیگر جماعتیں کافی ہیں۔جمہوریت اور عوامی طاقت پر یقین رکھنے والے بیچ میں ڈیل کر کے نکل نہیں جاتے، پاکستان کے عوام جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں،سابق فوجی آمر پرویز مشرف دنیا کے سامنے نشان عبرت بن چکے ہیں۔

Comments are closed.