پیپلزپارٹی ،اے این پی اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں ،بات سننے کو تیار ہیں، مولانا فضل الرحمان

 اسلام آباد :جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی اوراے این پی اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں ،ہم بات سننے کو تیار ہیں۔ امید نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی ایک چھوٹے سے عہدے کے لیے باپ کو باپ بنا لے گی ۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم کی آٹھ جماعتوں کااجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کو مدعو نہیں کیاگیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی کے پی ڈی ایم سے علیحدگی اور پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی غور کیاگیا۔

 اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی سے پی ڈی ایم سے علیحدگی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں ، ہم ان کے تحفظات سننے کو تیا رہیں۔ مولانا نے پیپلز پا رٹی پر تنقید کے نشتر بھی چلا دئیے ۔ بولے ایک چھوٹے سے عہدے کے لیے عوامی کاز کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

 دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنماوں نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کے بعد اپنے ا ستعفے مولانا فضل الرحمان کو پہنچا دئیے تاہم پی ڈی ایم سربراہ نے واضح کیاکہ ابھی استعفے منظور نہیں کیے جا رہے ۔

Comments are closed.