پاکستان میں ٹویٹر، فیس بک، یو ٹیوب سمیت دیگرسوشل میڈیا پر عارضی پابندی عائد

پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور ایپلی کیشن پر عارضی پابندی لگا دی گئی۔ ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز 11 بجے سے سہ پہر تین بجے تک بند رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو سوشل میڈیا ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز پر پابندی لگانے کی ہدایت جاری کی گئی جس کا مقصد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے بعد ممکنہ احتجاج کو روکنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا سائٹس پر ایک دوسرے سے رابطے کر کے منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے تھے، اور سوشل میڈیا سائٹس کو بند کرنے کا مقصد ملک دشمن عناصر کا نیٹ ورک توڑنا ہے۔نماز جمعہ کےبعد اس حوالے سے احتجاج کی کال دی جا سکتی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے بعد مذہبی جماعت کے کارکنان جمعۃ المبارک کے موقع پر ہونے والے اجتماعات کو احتجاج  کے لئے استعمال کر سکتے ہیں، مختلف شہروں میں پرتشدد مظاہروں اور احتجاجی دھرنوں کے خدشے کے پیش نظر سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کی جائیں۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے پی ٹی اے نے سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کردی ہیں، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے یوٹیوب، ٹک ٹاک، ٹویٹر، ٹیلی گرام، فیس بک پر آج سہ پہر 3 بجے تک بند کر دی گئی ہیں۔

Comments are closed.