کپتان کی ٹیم پھرتبدیل: شوکت ترین خزانہ،حماداظہرتوانائی،فوادچوہدری اطلاعات کے وزیرمقرر

 وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر بڑی تبدیلیاں کر دی، شوکت ترین کو وزیر خزانہ، حماد اظہر کو وزارت توانائی کا قلمدان سونپ دیا گیا، فواد چوہدری دوسری مرتبہ وزیراطلاعات و نشریات بن گئے۔

کپتان کی ٹیم میں چوتھی بار بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں، سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو کابینہ میں شامل کرلیا گیا ہے، وزیراعظم نے شوکت ترین کو چھ ماہ کے لیے وفاقی وزیرخزانہ و محصولات مقرر کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت ترین کو چھ ماہ کے اندر سینیٹر منتخب کروایا جائے گا۔

وزیراعظم نے حماد اظہر سے وزارت خزانہ لیکر انہیں توانائی کی وزارت سونپی ہے جبکہ سینیٹر شبلی فراز وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ہوں گے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے وزارت توانائی لے کر اقتصادی امور کی وزارت دی گئی ہے، خسرو بختیار اب وزیرصنعت و پیداوار ہوں گے۔

اگر صرف وزارت خزانہ کی بات کی جائے تو اب تک تین وزراء کو تبدیل کیا جا چکا ہے، اسد عمر کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ان کے بعد حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا جس کے بعد اب شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے۔

اسی طرح وزارت اطلاعات میں بھی تین وزیر تبدیل کر کے چوتھی بار فواد چوہدری کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا ہے، وہ تحریک انصاف حکومت کے پہلے وزیر اطلاعات تھے تاہم انہیں تبدیل کر کے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ذمہ داریاں سونپی گئیں جس کے بعد انکی جگہ سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات لگایا گیا۔ کابینہ ڈویژن نے وزارتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

Comments are closed.