اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گی

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا حکومت پاکستان کی درخواست پر آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچیں گی۔

 پاکستان کے اقوام متحدہ میں مشن نے ماریہ اسپینوزا کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے، پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر 18 سے 22 جنوری کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گی۔

ستمبر 2018 میں جنرل اسمبلی کی صدر کا عہد سنبھالنے کے بعد یہ ماریہ اسپینوزا کا ایشیاء، بحرالکاہل کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ماریہ اسپینوزا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کریں گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپینوزا سے ملاقات کی۔  جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی صدر کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی، جنرل اسمبلی صدر کا 8 سال بعد دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔

ملیحہ لودھی کے مطابق جنرل اسمبلی کی صدر کو عالمی، علاقائی معاملات اور کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ وہ خواتین اراکینِ اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گی۔

Comments are closed.