بھارت میں کورونا کی تباہی:ایک دن میں3 لاکھ 14 ہزارکیسز2104 اموات ریکارڈ

کورونا وائرس نے بھارت میں تباہی مچا دی، گزشتہ روز دنیا بھر میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 14 ہزار نئے کورونا کیسز بھارت میں ریکارڈ ہوئے جب کہ قاتل وباء مزید 2 ہزار 104 بھارتیوں کی زندگیاں نگل گئی۔

بھارت میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا ہے، اپوزیشن، عوام کے بعد اب عدلیہ بھی مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں پر سخت تنقید کرنے پر مجبور ہے، بھارتی ہائی کورٹ نے ایک مقدمےکی سماعت کے دوران ملک میں کورونا مریضوں کیلئے بیڈز اور آکسیجن کی قلت پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

 گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارت میں  تین لاکھ 14 ہزار835  نئے کورونا مریض سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 59 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔عالمی وباء کے باعث گزشتہ روز مزید 2 ہزار 104 بھارتی لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد بھارت میں اب تک ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 657 ہو گئی ہے۔ بھارت کے بڑے شہروں کے اسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے۔

کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے حوالے سے بھارت میں امریکا سے بھی بدتر صورتحال ہے، اس سے پہلے دنیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ کورونا کیسز امریکا میں 2 لاکھ 97 ہزار 430 رپورٹ ہوئے تھے، بھارت میں گزشتہ سات روز سے مسلسل یومیہ دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

Comments are closed.