ہرارے ٹیسٹ: فواد عالم کی شاندارسنچری،پاکستان کی پوزیشن مستحکم

ہرارے:پہلے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے پہلی  اننگز میں  6 وکٹوں  کے نقصان پر 374 رنز بنالیے ہیں اور یوں قومی ٹیم کو میزبان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

کھیل کے دوسرے دن اوپننگ بلے باز عابد علی 60، اظہر علی 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان بابراعظم کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔

نوجوان بلے بازعمران بٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن بدقسمتی سے وہ نروس نائینٹز کا شکار ہوگئے اور 9 رنز کی کمی سے اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ محمد رضوان نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے ایک بار پھر اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہے، انہوں نے 144 گیندوں پر کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی۔ زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ ٹریپانو 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

Comments are closed.