آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں دِفاعی تعلقات کے فروغ، خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا ۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقاتیں کیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اعلیٰ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان مقامات مقدسہ کے دفاع کو یقینی بنائے گا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں امن استحکام کیلئے کردار قابل تعریف ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات برادرانہ باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب امن و استحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلئے مل کر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ڈپٹی ڈیفنس منسٹر سعودی عرب شہزادہ خالد بن سلمان نے آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کے ساتھ ملاقات انتہائی شاندار رہی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ میرے بھائی ہیں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے دِفاعی تعلقات کے فروغ، خطے کے امن اور استحکام کے لئے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Comments are closed.