پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی،کشمیرجیسے انسانی المیےکا خاتمہ ہوناچاہیے، آرمی چیف

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی، وقت آگیا ہے کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر جیسے انسانی المیے کا خاتمہ ہو۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، ایل اوسی پہنچنے پرکورکمانڈرراولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، سپہ سالار نے نماز عید جوانوں کے ساتھ ادا کی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں گے۔

،آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں اور افسران سے ملاقات کی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوبد باجوہ نے افسروں و جوانوں کے عزم و حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت سپاہی فرنٹ لائن پر دفاع وطن کے لیے خدمات سرانجام دینے پر فخر ہے،پاکستان کے عوام کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر جیسے انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئِے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف کی اور وبا کے خاتمے کے لیے ہر ممکن احتیاط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Comments are closed.