مقبوضہ کشمیر: ایک دن میں کورونا سے73 اموات،115 قیدیوں وائرس کا شکار

سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا، ایک دن میں 73 اموات جب کہ وادی کی دو جیلوں میں مزید 92 قیدیوں کے وباء سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مقبوضہ علاقے میں ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ73 اموات ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ وائرس سے متاثرہ 3ہزار 344 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 1418 جموں خطے اور 1926 وادی کشمیرسے رپورٹ ہوئے ہیں۔

کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ علاقے میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد2لاکھ47ہزار 952تک پہنچ گئی ہے۔ جموں خطے میں 54 افراد اوروادی کشمیر میں 19 افرادکی موت ہوئی ہے جس سے علاقے میں اموات کی مجموعی تعداد3ہزار222 ہوگئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرکاری عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جیلوں میں نظربند 4ہزار570 قیدیوں میں سے 115میں کورونا وائرس پایاگیا۔ سب سے زیادہ 72 قیدی اور عملے کے سات ارکان ڈسٹرکٹ جیل ادھمپورمیں وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ میں نظربند 272قیدیوں میں سے 20میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس سے قبل 10 مئی کو ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میں21 قیدیوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ چنددن پہلے ڈسٹرکٹ جیل جموں اور سینٹرل جیل کوٹ بھلوال میں ایک ایک قیدی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ گزشتہ سال ڈسٹرکٹ جیل راجوری اور سب جیل بھدرواہ میں وائرس سے دو معمرقیدیوں کی موت ہوئی تھی۔

Comments are closed.