اسرائیل کا قیام فلسطینی عوام سے ناانصافی، جلد فلسطینیوں کو حق ملے گا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب سے اسرائیل بنا پاکستان کا ایک ہی موقف رہا ہے اور وہ ہے کہ فلسطینیوں سے ناانصافی ہوئی ہے، وہ دن دور نہیں جب فلسطینیوں کو ان کا حق ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت کی خبر 27 رمضان المبارک کو مسجد نبوی میں ملی، نہتے فلسطینیوں پر نماز کے دوران حملہ کیا گیا، اسرائیلی بربریت کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید ہوئے، غزہ پر بمباری کے نتیجے میں معصوم بچے اورخواتین شہید اور زخمی ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر جو ظلم ہوا اس کے خلاف ہمیں آواز اٹھانی چاہیے، مسلم ممالک کے سربراہوں سے فلسطینیوں کی مدد کیلئے رابطے کیے اور وزیرخارجہ کو بھی کہا کہ اس معاملے کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ نے جنرل اسمبلی میں پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، پہلی بار ہوا ہے کہ مغرب میں اسرائیل کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، سوشل میڈیا کی وجہ سے فلسطین سے متعلق دنیا کی رائے عامہ تبدیل ہو رہی ہے، ایک دن آئے گا جب فلسطینیوں کو ان کا حق ملے گا۔

Comments are closed.