پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی پھٹ پڑے، وفاقی وزیرخزانہ سے گلے شکوے

اسلام آباد: اپوزیشن کے اتحاد پرحکومت فکرمند، تحریک انصاف کے رہنما سرجوڑ کر بیٹھ گئے ، حکومتی اراکین نے وزرا سے رابطوں میں فقدان پر برہمی کا اظہار کیا اور موقف اپنایا کہ یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب میں آئندہ الیکشن کے دوران مشکل ہوگی، اسدعمراور شاہ محمود نے شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نےمؤقف اختیار کیا کہ جب سےحکومت میں آئے ہیں پارٹی سطح پر رابطے ختم کر دیئے گئے، وزرا ملاقات کا وقت نہیں دیتے، یہی حالات رہے تو جنوبی پنجاب میں آئندہ انتخابات میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چیف وہپ عامر ڈوگر نے شکوہ کیا کہ وزرا کی سنجیدگی یہ ہےکہ اجلاس میں شرکت تک نہیں کی ۔ اجلاس مین تجویز دی گئی کہ وزرا اپنے چیمبرز اور دفاتر میں ارکان سے مسلسل رابطہ یقینی بنائیں ۔

فیصل آباد ڈویژن کے پی ٹی آئی ارکان نے گلہ کیا کہ کاشتکاروں سے گنا ، سرکاری ریٹ پر نہیں خریدا جا رہا ۔ شاہ محمود قریشی نےتسلی دی کہ چین کو گندم ، گنے ، چاول ، پھل اور سبزیوں کی برآمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا پارٹی نے جب کہا میں بریفنگ کے لئے حاضر ہوا ، اپنے کام کو پورا وقت دے رہا ہوں ، پارٹی کی امیدوں اور حکومتی اہداف کو ضرور پورا کروں گا ، وزیر دفاع پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ ہر وزیر ہفتے میں ایک روز ارکان کو بریف کرے گا ۔

Comments are closed.