سابق اسپیکر،وزیرحکومت سمیت آزادکشمیر اسمبلی کے 4 اراکین پی ٹی آئی میں شامل

اسلام آباد:سابق اسپیکر آزادکشمیرقانون سازاسمبلی چودھری انورالحق،موجودہ وزیر حکومت سمیت پانچ اہم سیاسی شخصیات وزیراعظم پاکستان عمران خان کی موجودگی میں تحریک انصاف میں شامل ہوگئیں۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ایک تقریب ہوئی جس میں سابق سپیکرچودھری انوارالحق ،وزیر حکومت چوہدری شہزاد، ممبر اسمبلی صغیر چغتائی’ ممبر اسمبلی علی شان سونی اوررکن اسمبلی ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری’ تحریک انصاف کا حصہ بن گئے۔ وزیر اعظم پاکستان ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خا ن نئے شامل ہونے والے رہنماوں کے گلے میں ہارڈالے۔

سابق اسپیکر انوار الحق سابق کور کمانڈر گجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرام الحق کے بھائی ہیں جبکہ رکن اسمبلی صغیر چغتائی ، معاون خصوصی وزیرا علیٰ پنجاب ، سردار تنویر الیاس کے چچا ہیں۔ شامل ہونے والوں میں سے تین اراکین اسمبلی کا تعلق نون لیگ جبکہ ایک کا مسلم کانفرنس سے ہے۔

 اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نئے شامل ہونے والے رہنماوں کو خوش آمدید کہتا ہوں’ آپ نے بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں جانا ہے، پارٹی رہنما انتخابی سرگرمیاں شروع کر دیں اورتحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، آزاد کشمیر میں ٹورازم کا بہت زیادہ پوٹنشل موجود ہے ،ہم اس کو بروئے کار لا کر آزاد کشمیر کو خود کفیل بنائیں گے۔

اس موقع پر چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ نیازی،وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور’ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری’ارشد داد،تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدربیرسٹرسلطان،سردار تنویر الیاس خان’ غلام محی الدین دیوان ، خواجہ فاروق ، راجا منصور، قیوم نیازی اور دیگربھی موجود تھے۔

Comments are closed.