یورپین منصوبے برائے عوامی شراکتی بجٹ میں بارسلونا کے بلدیاتی پلیٹ فارم Decidim.barcelona میں مقامی لوگوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔دو ہزار منصوبوں کی درخواستیں مختلف ووٹنگ مراحل سے گزرتے ہوئے عوامی حمایت کے مرحلے میں 822 رہ گئیں تھیں جس میں کرکٹ کے منصوبے نے تمام دس اضلاع میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی ۔ آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں 183 منصوبوں کے درمیان 30 ملین یوروز کے بجٹ میں اپنا اپنا حصہ لینے کا مقابلہ ہوا جس میں کرکٹ گراونڈ کا منصوبہ ڈسٹرکٹ سانت منجوئیک کا سب سے قیمتی منصوبہ تھا ۔ اور اس نے پاکستانی ،بھارتی، اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کے ساتھ ساتھ ہسپانوی کمیونٹی کی بھی حمایت حاصل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور یوں گراونڈ کی تعمیر کے لیے ایک عشاریہ چھ ملین یوروز کی رقم منظور کروا لی۔
تمام دس اضلاع سے کل چھہتر منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ منصوبے کے انچارج اور بلدیہ بارسلونا کے کونسلر مارک سیرا کے مطابق 39,433 شہریوں نے ڈیجیٹل ووٹنگ میں حصہ لیا جو ایک حوصلہ افزا عمل ہے۔دیسیدم بارسلونا کے پلیٹ فارم کی بلاشبہ کرکٹ ووٹنگ کے حمایتی مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اپریل 2021 میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 80 ہزار تھی جو دو ماہ بعد حتمی مرحلے میں بڑھ کر 1لاکھ 35 ہزار ہو چکی ہے۔گذشتہ دو مرحلوں کی ووٹنگ نے ایشیائی اور خصوصا پاکستانی کمیونٹی کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا۔ تمام مکتبہ فکر اور مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران کرکٹ کے فروغ لیے ایک پیج پر نظر آئے۔ مقامی اور بین الاقوامی سوشل ،الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھی اس منصوبے کے چرچے سننے کو ملے۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں سرفراز احمد، عبدالرزاق، اور سعید اجمل نے بھی شائقین کرکٹ سے ووٹ کرنے کی اپیل کی۔
کمیونٹی کی ترقی میں پیش پیش پاکستانی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے بھی ووٹنگ مہم میں حصہ لینے کی درخواست کی۔
منصوبے کی کامیابی پر بارسلونا کی تمام سیاسی و سماجی شخصیات و تنظیمات کے علاوہ ووٹرز اور سپورٹرز نے سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔ اور منصوبہ پیش کرنے والی تنظیم کرکٹ “جووا” ویمن کرکٹ ٹیم اور خصوصا کاتالان کرکٹ فیڈریشن اور الیکشن مہم میں حصہ لینے والے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.