قابض بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشت گردی جاری۔۔ شوپیاں میں نوجوان شہید

سری نگر: بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان کوشہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع شوپیاں کے علاقے ہانجی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں گولیاں مار کر شہید کیا۔ قابض بھارتی فوجیوں نے علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند، علاقے میں انٹرنیٹ اور فون سروس معطل کر دی۔

دوسری جانب بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں نئی دلی پولیس نے لداخ کے ضلع کارگل سے چار کشمیری طلباء کو گرفتار کرلیا ہے۔ نذیرحسین ، ذوالفقار علی، ایازحسین اور مزمل حسین نامی چار طلباءکو بھارتی پولیس نے رواںسال 29جنوری کو نئی دلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہونے والے دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کیا ہے۔

ایس ایس پی کارگل عنایت علی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اوربھارتی پولیس کے خصوصی سیل نے کارگل سے چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے اور انہیں نئی دلی لے جانے کیلئے ایک مقامی عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کیاہے۔

Comments are closed.