مظفرآباد:آزاد کشمیر احتساب بیورو کی ایک اور بڑی کارروائی، پوسٹ آفس چیک دھمنی برانچ راولاکوٹ میں پچاس سے زائد اکاؤنٹس ہولڈرز کی کروڑوں روپے کی رقوم فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے ہڑپ کرنے والے ملزم پوسٹ ماسٹر کبیر احمد شاہین ولد محمد افسر خان ساکن چھوٹا گلہ کو گرفتار کرلیا۔ نیب تفتیشی ٹیم نے ملزم کومظفرآباد سے گرفتار کر کے سیف ہاؤس منتقل کر دیا ہے۔
ملزم نے گزشتہ عرصے میں بطور پوسٹ ماسٹر تعیناتی ، پوسٹ آفس چیک دھمنی برابچ راولاکوٹ ، متعدد کھاتہ داروں کے اکاؤنٹ سے پنشن وغیرہ کی رقم وصول کر کے انہیں جعلی رسیدیں بناکر دیتا رہا اور رقم لیجر میں اندراج کرنے کے بجائے اپنی ذاتی تصرف میں لاتا رہا، متاثرین میں اکثریت بیوگان خواتین کی ہے اور زیادہ تر تعلق راولاکوٹ اور ارد گرد علاقوں چیک دھمنی، دریک، چھوٹا گلہ، برمنگ، کوہیاں اور لنجگراں سے ہے۔ گرفتاری کے بعد ملزم سے دوران تفتیش مزید انکشافات کی توقع ہے۔
احتساب بیورو کی جانب سے کرپشن کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو سول سوسائٹی نے سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث بڑے مگر مچھوں پر بھی ہاتھ ڈالا جائے ۔ اس سے قبل حالیہ دنوں میں احتساب بیورو نے محکمہ تعلیم اور اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے جعلی پنشن کیس ، محکمہ برقیات، محکمہ مال، بینک ا سکینڈل اور محکمہ صحت میں ادویات کی خریداری میں کروڑوں روپے کے غبن میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔ ان تمام مقدمات میں تفتیش جلد از جلد مکمل کر کے ریفرینس متعلقہ احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید اہم شخصیات کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں جنھوں قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے ہیں۔
Comments are closed.