اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے افواج پاکستان کے لئے 15 فیصد اسپیشل الاؤنس کی منظوری دے دی، رینجرز اور ایف سی ملازمین کو بھی وزیراعظم کے حکم پر الاؤنس دیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں 22 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا، تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دینے سے متعلق جائزہ کمیٹی کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے خصوصی الاؤنس2021 کی منظوری پر بھی غور کیا گیا، کابینہ نے جائزہ لینے کے بعد افواج پاکستان کے لئے 15 فیصد اسپیشل الاؤنس کی منظوری دے دی، کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سندھ حکومت کی جانب سے ان پر بنائے گئے کیسز کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی۔
وفاقی کابینہ کو اہم شخصیات کی سیکیورٹی اور ان کے زیراستعمال پروٹوکول کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، وزیرِاعظم نے آئندہ کابینہ اجلاس میں سیکیورٹی اور پروٹوکول کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ کو نوشہرہ میں ریلوے کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر، اسلام آباد کے سیکٹر ای ایٹ اور ای نائن میں تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ قانون کا یکساں اطلاق یقینی بنایا جائے، گرین ایریاز پر تجاوزات کے حوالے سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
وفاقی کابینہ نے انچاس ادویات کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے،محمد امجد خان کو سی ای او اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن تعینات کرنے، شاہ جہاں مرزا کو متبادل توانائی بورڈ کے سی ای او کا اضافی چارج دینے، جاوید احمد صدیقی کو پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کا چیف ایگزیکیٹو آفیسر تعینات کرنے، وزارتِ منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رولز آف بزنس میں ضروری ترمیم کی تجویز، جبکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے شعبے میں تعاون کے معاہدے کے مسودے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے فیصلوں پر بریفنگ میں بتایا کہ سول ملازمین کو الاؤنس ملے، لیکن گزشتہ 2 سال سے فوج کی تنخواہ میں اضافہ نہیں ہوا ، اس لیے فوج کو 15 فیصد اسپیشل الاؤنس دیا جارہا ہے۔ رینجرز اور ایف سی ملازمین کو بھی وزیراعظم کے حکم پر الاؤنس دیا جائے گا۔
Comments are closed.