امریکا کی پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری مزید بہتر۔۔شہریوں کو سفر کی اجازت

امریکا نے کورونا وباء پر قابو پانے کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کو تیسرے درجے (خطرناک) سے ہٹا کر دوسرے (معتدل) درجے میں شامل کر لیا ہے۔

امراض کی روک تھام اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے امریکی ادارے سینٹر فارڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کی جانب سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری لائی گئی ہے جس کے بعد امریکی و پاکستانی شہریوں کو سفر کی اجازت دیتے ہوئے انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے ممالک کی چار کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، پہلے درجے کو لو کیٹیگری کا نام دیا گیا ہے جن میں ایسے ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہے، دوسرے درجے کو ماڈریٹ (معتدل)، تیسرے کو ہائی (زیادہ تعداد) جب کہ چوتھے کو ویری ہائی (بہت زیادہ) کورونا کیسز والے ممالک کے نام شامل کیے گئے ہیں۔

ٹریول ایڈوائزری کے تحت مکمل ویکسین حاصل کرلینے والے امریکی شہریوں کے لئے پاکستان روانگی سے قبل کورونا نیگیٹوو ٹیسٹ لازمی نہیں، تاہم دوران پرواز فیس ماسک پہننے اور پاکستان میں انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدر کی ہدایت کی گئی ہے، سفر سے واپسی پر امریکی شہریوں کو تین سے پانچ روز کے اندر کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مکمل ویکسین نہ لگوانے والے امریکی شہریوں کو پاکستان کے سفر سے پہلے اور بعد میں کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جو کہ مسافروں کو روانگی سے ایک سے تین روز جب کہ واپسی پر 3 سے پانچ روز کے دوران کرانا ہوگا، واپس امریکا پہنچنے پر ٹیسٹ نیگٹوو آنے کے باوجود مسافروں کو سات روز تک قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح امریکا نے بھارت کے لئے ٹریول ایڈوائزری میں بھی نرمی کرتے ہوئے اسے چوتھے درجے سےنکال کر تیسرے درجے والے ممالک میں شامل کر لیا ہے۔

Comments are closed.