مظفرآباد: کشمیر پریمیئر لیگ کے فائنل میں راولا کوٹ ہاکس نے مظفرآباد ٹائیگرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
راولا کوٹ ہاکس کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم 162 رنز بنا سکی، کاشف علی نے شاندار نصف سنچری سکور کی جبکہ آصف آفریدی اور حسین طلعت نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کو کے پی ایل کا چیمپئن بنوا دیا۔
منگل کو مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے کے پی ایل کے فائنل میچ میں مظفرآباد ٹائیگرز کے کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شاہد آفریدی کی قیادت میں راولا کوٹ ہاکس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ گزشتہ میچ میں سنچری سکور کرنے والے کاشف علی نے 54 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ بسم اللہ خان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ صاحبزادہ فرحان نے 28 جبکہ عمر امین 23 رنز بنا سکے۔
مظفرآباد ٹائیگرز کی طرف سے کپتان محمد حفیظ اور اسامہ میر نے مخالف ٹیم کے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مظفرآباد ٹائیگرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی۔ وکٹ کیپر بلے باز ذیشان اشرف 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان محمد حفیظ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آل راؤنڈرز محمد وسیم اور سہیل تنویر نے زبردست شارٹس کھیل کر میچ کو آخری لمحات میں سنسنی خیز بنا دیا تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے۔
محمد وسیم جونیئر نے 12 بالوں پر 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سہیل تنویر 21 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ راولا کوٹ ہاکس کی طرف سے آصف آفریدی اور حسین طلعت نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Comments are closed.