ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں پر 15 اکتوبر کے بعد سفری پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

حکومت نے ویکسی نیشن نہ لگوانے والوں کیلئے مزید پابندیاں لگانے کا فیصلہ کرلیا، 15 اکتوبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والے موٹرویز، ٹرین اور میٹروبس پر سفر نہیں کر سکیں گے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یکم ستمبر سے 17سال سے زائد افراد کے لیے ویکسین شروع کر رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے جب کہ 31اگست کے بعد سکول ٹرانسپورٹرز بغیر ویکسین کام نہیں کرسکیں گے۔

این سی او سی سربراہ اسد عمر نے کہا کہ 30ستمبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن نہ ہونے پر فضائی سفر کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسے تمام مسافر نہ پاکستان آسکیں گے اور نہ ہی پاکستان سے باہر جاسکیں گے جب کہ 15 ستمبر کے بعد موٹرویزپر سفر کے لیے کم ازکم ایک ڈوز اور 15 اکتوبرکے بعد مکمل ویکسین نیشن لازمی ہوگی۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹ بنانے اور بنوانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور ایسے تمام لوگوں کے سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انسداد کورونا ویکسین لگوانے کے بعد سرٹیفیکیٹ نادرا کی ویب سائٹ سے حاصل کیا جائے۔

Comments are closed.