متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول

کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو مل گئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم 22 جنوری 2019 کو گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل ابو ظہبی فنڈ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد وصول کی گئی۔ جس کے بعد مرکزی بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 25 کروڑ ڈالر سے زائد ہو گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 18 جنوری کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 13 ارب 25 کروڑ ڈالر تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر میں سعودی عرب کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یو اے ای سے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔

21 دسمبر کو ابو ظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا تھا جن میں سے ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔

Comments are closed.