کراچی: ماضی کی مقبول اور کئی ایوارڈز اپنے نام کرنے والی اداکارہ روحی بانو طویل علالت کے بعد ترکی میں انتقال کر گئیں۔ روحی بانو کو گردے کے عارضے کے علاج کے لیے ترکی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دوران علاج چل بسیں۔
اداکارہ کی بہن روبینہ یاسمین نے تصدیق کی کہ روحی بانو استنبول کے ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔ روبینہ یاسمین نے بتایا کہ روحی بانو گزشتہ 10 روز سے وینٹی لینٹر پر تھیں۔
روبینہ یاسمین کے مطابق روحی بانو کو علاج کے لیے تین جنوری 2019 کو ترکی منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق روحی بانو کو پاکستان میں تدفین کرنے سے متعلق فوری طور پر فیصلہ نہیں ہوسکا، کیوں کہ ان کا پورا خاندان اس وقت ترکی میں ہے۔
واضح رہے کہ روحی بانو گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھیں اور گزشتہ برس نومبر میں ان سے متعلق خبریں آئی تھیں کہ وہ پر اسرار طور پر غائب ہوگئی ہیں۔ ان کے بھائی نے ان خبروں کو مسترد کیا تھا اور بتایا تھا کہ معروف اداکارہ گھر میں ہی ہیں۔
روحی بانو سے متعلق اطلاعات تھیں کہ وہ اپنے اکلوتے بیٹے کے قتل کے بعد نفسیاتی مسائل کا شکار تھیں۔ روحی بانو نے جہاں شاندار اداکاری کی بدولت کئی ایوارڈ جیتے، وہیں ان کی ذاتی زندگی مسائل کا شکار رہی۔
ماضی کی مقبول اداکارہ کی ازدواجی زندگی بھی ناکام رہی اور ان کے اکلوتے بیٹے کو بھی قتل کردیا گیا، جس کے بعد وہ آہستہ آہستہ بیماریوں کا شکار بنتی گئیں۔
Comments are closed.