سری نگر/ مظفرآباد: بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔
بھارتی فوج کا مقبوضہ وادی میں طاقت کا بھرپور استعمال جاری ہے، سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ غاصب بھارتی فورسز نے نے جنت نظیر وادی کو مقتل میں بدل دیا۔
بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے اور بدترین ظلم کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں گھروں پر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے۔
میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔
بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے احتجاج کو دبانے کے لئے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کرکے وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا۔ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔ کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام حربوں کے باوجود کشمیری آج بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکال رہے ہیں۔
Comments are closed.