کورونا وباء کے پھیلاؤ میں کمی، این سی اوسی کا اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورنا پھیلاؤ میں کمی کے پیش نظر وباء سے شدید متاثرہ 6 اضلاع میں عائد اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کے اندر کورونا وائرس کے پھیلاؤ، وباء سے بچاؤ کے اقدامات اور ملک کے نظام صحت کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے وباء کے پھیلاؤ میں بتدریج کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا کے حوالے سے حساس قرار دیئے گئے، چھ اضلاع لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات، بنوں میں عائد اضافی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان اضلاع میں ہفتے کے دو روز بازار ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ، انڈور جم بند کیے گئے تھے۔

اعلامیے کے مطابق چھ اضلاع میں بازار، مارکٹیں رات 8 کے بجائے 10 بجے تک کھلے رہیں گے، کاروباری سرگرمیاں دو کے بجائے ایک دن معطل رکھی جائیں گی، ان اضلاع میں ان ڈور، آؤٹ ڈورڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی، ان ڈور ہوٹلز 50 فیصد ویکسی نیٹڈ افراد کے ساتھ کھولے جا سکیں گے، ان ڈور شادی ہالز، مارکیز کی تقریبات میں 200 جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تفریحی مقامات، پارکس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی، سینما گھر بدستور بند رہیں گے، جب کہ مقامی و صوبائی حکومتیں مزارات کھولنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گی، این سی او سی نے واضح کیا ہے کہ ان چھ اضلاع سمیت ملک بھر میں انسداد کورونا ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر 30 ستمبر تک عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق انسداد کوروناایس اوپیز، احتیاطی تدابیر پر30 ستمبر تک نافذ رہیں گی، این پی آئیز کے جائزہ کے لئے 28 ستمبر کو این سی او سی کا اجلاس ہو گا، این سی او سی میں وباء پھیلاؤ اور نظام صحت کی قریبی نگرانی کی جا رہی ہے، بیماری پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے ضرورت پڑنے پر مناسب فیصلے کیے جائیں گے،ملک بھر میں سائنو فارم ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے،عوام بلاتاخیر ویکسین لگوا کر ویکسی نیشن عمل کو مکمل کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.