پاکستان کی چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست

جوہانسبرگ: پاکستان نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جس کے بعد ون ڈے سیریز 2،2 سے برابر ہو گئی۔ اب سیریز کا فیصلہ کن میچ 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے میزبان ٹیم کے 165 رنز کے آسان ہدف کو پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے2 وکٹوں کے نقصان پر32 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

امام الحق نے اپنی شانداری کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 71 رنز بنائے جب کہ فخر زمان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بابراعظم 41 اور سرفراز احمد کی جگہ شامل ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز کی جانب سے ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے دوسرے ہی اوور میں ڈی کوک کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد ہینڈرکس بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔

کپتان فاف ڈوپلسی نے ہاشم آملہ کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کے لیے 101 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں، ڈوپلسی 57 رنز بناکر شاداب خان اور ہاشم آملہ 59 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ ڈیوڈ ملر بھی صرف 4 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔

میزبان ٹیم کی آخری 5 وکٹیں صرف 8 رنز کے اضافے سے گریں اور پوری ٹیم صرف 164 رنز ہی بناسکی۔ عثمان شنواری نے ایک ہی اوور میں پروٹیز کے 3 کھلاڑیوں وین ڈیر ڈاسن، ڈیل اسٹین اور کاگیسو رباڈا کو پویلین واپس بھیج کر میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا اور اگلے ہی اوور میں اینڈائل فیلوکایو کو 11 رنز پر آؤٹ کردیا۔

عمران طاہر کی وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے عثمان شنواری نے 4، شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے مستقل کپتان سرفراز احمد 4 میچوں کی پابندی کے باعث شامل نہیں تھے ، ان کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض شعیب ملک اور وکٹ کیپنگ کے فرائض محمد رضوان نے انجام دیے، حسن علی بھی آج کے میچ میں شامل نہیں تھے ان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

Comments are closed.