پاک فوج کا افغانستان میں پیدا ہوتےانسانی المیے پراظہارتشویش، عالمی تعاون پر زور

پاک فوج نے افغانستان میں پیدا ہوتے انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دنیا کو بامقصد اور مسلسل تعاون کرنا چاہیے۔ سپہ سالار کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتا ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کورکمانڈرز کانفرنس راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی، بارڈر مینجمنٹ، خطے کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کوعدم استحکام کا شکارکرنے کیلئے دشمن قوتوں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کورکمانڈرز نے بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پراپیگنڈے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بے بنیاد پراپیگنڈہ بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتا ہے، مودی سرکار کا بے بنیاد پراپیگنڈہ بھارت کے اندرونی انتشار اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

مسلح افواج کےشعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں افغانستان کے پیدا ہونے والے ممکنہ انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دنیا کو بامقصد اور مسلسل تعاون کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان کے ساتھ عالمی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور پاکستانی مسلح افواج کے غیرملکی افواج کے ساتھ تعاون اورمشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا،  انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں صلاحیتوں کے فروغ پر بھی زوردیا۔

Comments are closed.