سندھ کے ڈاکٹرز کا ایکا۔۔ مسیحا سڑکوں پر،مریض بد حال

کراچی: حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ڈاکٹروں نے دوسرے دن بھی اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کی ۔۔۔ مسیحاؤں کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انسانیت کی خدمت کے دعویدارڈاکٹرز نے سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کر رکھی ہے۔ جان لیوا مرض میں مبتلا مریضوں کی پروا ہ کئے بغیر ہر دوسرے مہینے اپنے مطالبات منوانے نکل پڑتے ہیں۔

سول اسپتال حیدر آباد میں ہڑتال کے باعث برا حال ہے۔ پرچی بنانے والے کاؤنٹر سنسان، کمرے خالی، ڈاکٹرز غائب اور مریض بے حال ہیں۔

اس معاملے پر حکومت سندھ خاموش ہے، ڈاکٹروں نے مطالبہ کیاہے کہ تنخواہیں اور الائونسز دوسرے صوبوں کے برابر کیے جائیں۔چانڈکا اسپتال لاڑکانہ کے ڈاکٹر بھی پیچھے نہ رہے۔ او پی ڈی بند کر دی جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیرپورمیں مسیحاؤں نے دیگر اسپتالوں کے ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے او پی ڈی بند کر دی۔ مین دروازے پر تالا ڈال دیا گیا۔ ان کا بھی یہ ہی کہنا ہے ۔۔ اتنے ہی پیسے دو جتنے دوسرے صوبوں کے ڈاکٹروں کو دیے جا رہے ہیں ۔۔

تھر میں بھی ڈاکٹروں کا ایکا کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی مرے یا جیے ان کی بلا سے مسیحا پلے کارڈ اٹھائے سڑکوں پر موجود ہیں۔

ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مٹھی کا سوال اسپتال بھی سنسان ہے،مریض رل رہے ہیں۔

نواب شاہ میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں ڈٹے ہوئے ہیں، پیپلزمیڈیکل اسپتال کی او پی ڈی بند ہے۔ مریضوں کا برا حال ہے۔

Comments are closed.